اسلام آباد — پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، تاہم بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔
اس اہم فیصلے کا اعلان وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے درمیان ہونے والی تفصیلی ملاقات کے بعد کیا گیا۔ ملاقات میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت اور بھارت کے خلاف میچ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
حکومتی مؤقف
طویل مشاورت کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، تاہم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔
بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی
حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے۔ پاکستان نے احتجاجاً یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے تحفظات کو نظر انداز کرنا کھیل کے عالمی اصولوں کے منافی ہے۔
آئی سی سی کا متنازع فیصلہ
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کے تمام تحفظات مسترد کرتے ہوئے اسے ایونٹ سے باہر کر دیا تھا، جبکہ سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شامل کر لیا گیا تھا، جس پر کئی کرکٹ حلقوں میں شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
قومی ٹیم کی روانگی
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کل بروز پیر سری لنکا روانہ ہوگی، جہاں ٹورنامنٹ سے قبل تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے سے متعلق وجوہات بھی آئندہ دنوں میں تفصیل سے سامنے آنے کا امکان ہے۔
