گلگت — گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے فرنٹیئر کور نادرن ایریاز (ایف سی این اے) کی جانب سے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے دوسری ایف سی این اے انٹر ڈسٹرکٹ جی بی فٹبال چیمپئن شپ 2026 کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔
چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب گلگت کے لالک جان اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور کمانڈر ایف سی این اے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں حکومتی، سماجی اور عسکری شخصیات کے ساتھ ساتھ شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
منتظمین کے مطابق اس فٹبال چیمپئن شپ میں گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع اور سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والی مجموعی طور پر 17 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو خطے میں فٹبال کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور ایف سی این اے گلگت بلتستان میں کھیلوں خصوصاً فٹبال کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
شرکاء کے مطابق یہ ایونٹ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے، مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور خطے میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
