بھارت نے دفاعی بجٹ میں 15 فیصد اضافہ کر دیا

0

نئی دہلی — پاکستان کے ساتھ مئی میں ہونے والی فوجی کشیدگی کے تناظر میں بھارت نے اپنے دفاعی بجٹ میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے دفاعی اخراجات میں 15 فیصد اضافہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 85 ارب 40 کروڑ ڈالر مختص کر دیے ہیں۔

بھارتی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے یہ بجٹ لوک سبھا میں پیش کیا، جس میں دفاع کو سب سے زیادہ ترجیحی شعبوں میں شامل رکھا گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں دفاعی بجٹ میں یہ اضافہ خطے میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور عسکری تیاریوں کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق دفاعی اخراجات میں اضافے کا مقصد جدید عسکری ٹیکنالوجی کا حصول، ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی خریداری، اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

بھارتی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ کے تحت دفاعی خریداری کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا جبکہ وسائل کے بہتر اور بروقت استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کا یہ اقدام نہ صرف خطے میں طاقت کے توازن پر اثر انداز ہو سکتا ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں اسلحے کی دوڑ کو بھی مزید تیز کرنے کا خدشہ ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.