پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز کی نیلامی 9 فروری کو لاہور میں ہوگی، 5 بڈرز شارٹ لسٹ
لاہور — پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ملتان سلطانز فرنچائز کی نیلامی 9 فروری کو لاہور میں منعقد کی جائے گی۔ پی ایس ایل حکام کے مطابق فرنچائز کی ملکیت کے حقوق کے حصول کے لیے کُل 5 بڈرز نیلامی میں حصہ لیں گے، جنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی بڈ کمیٹی نے منتخب کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقررہ وقت کے اندر ملتان سلطانز کی ملکیت کے لیے مجموعی طور پر 6 پروپوزلز موصول ہوئے تھے۔ تمام پروپوزلز کی تفصیلی اور شفاف جانچ کے بعد 5 بڈرز کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا، جو اب باضابطہ نیلامی کے عمل میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابقہ مالک علی ترین نے فرنچائز کی 10 سالہ ملکیت کے معاہدے کی تجدید سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد پی سی بی نے فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا۔
پی ایس ایل 11 کے سلسلے میں یہ نیلامی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ ملتان سلطانز حالیہ سیزنز میں مسلسل مضبوط کارکردگی دکھانے والی فرنچائز رہی ہے، اور نئے مالک کے انتخاب سے لیگ کے تجارتی اور انتظامی ڈھانچے پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔