نویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ 2026 کا آغاز، 19 دوست ممالک کی شرکت

0

راولپنڈی — نویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ 2026 کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں منعقد ہوئی۔ اس بین الاقوامی عسکری مقابلے کا مقصد دوست ممالک کی افواج کے درمیان باہمی عسکری تعاون، پیشہ ورانہ مہارتوں اور ٹیم اسپرٹ کو فروغ دینا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی 60 گھنٹے پر محیط سخت اور حقیقت سے قریب تر ’’پٹرولنگ مشق‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس بین الاقوامی مقابلے میں 19 دوست ممالک کی مجموعی طور پر 24 ٹیمیں اور فوجی مبصرین شرکت کر رہے ہیں۔

مقابلے میں شریک ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ بطور مبصر مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ملکی سطح پر پاک فوج اور پاک بحریہ کی 16 ٹیمیں مقابلے کا حصہ ہیں، جبکہ پاک فضائیہ کے مبصرین بھی مشقوں میں شامل ہیں۔

پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مخصوص مشن اور ٹاسک پر مبنی اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ عسکری مشق ہے جس کی میزبانی پاکستان ہر سال کرتا ہے۔ یہ مشق اعلیٰ درجے کی جسمانی فٹنس، ذہنی استقامت اور عسکری مہارتوں کی متقاضی ہے، جس میں مشکل ذیلی تزویراتی مشنز کے دوران فوری اور مؤثر فیصلے کرنے کی صلاحیت کو جانچا جاتا ہے۔

اس مشق کا بنیادی مقصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے ثابت قدمی، باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، جبکہ جدید عسکری خیالات اور بہترین پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کے ذریعے شریک افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا بھی اس کا اہم ہدف ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.