افغان اوپننگ بیٹر رحمان اللہ گرباز نے پی ایس ایل 11 سے دستبرداری کا اعلان کر دیا
افغانستان کے جارح مزاج اوپننگ بیٹر رحمان اللہ گرباز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل سیزن 11 کے لیے پشاور زلمی نے انہیں آکشن سے قبل ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنے اسکواڈ میں شامل کیا تھا، تاہم اب وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
رحمان اللہ گرباز نے انسٹاگرام پر پشتو زبان میں ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے پی ایس ایل سے دستبرداری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ افغان بیٹر کے مطابق ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد وہ افغانستان واپس جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے پی ایس ایل میں شرکت ممکن نہیں۔
اپنی پوسٹ کے کیپشن میں رحمان اللہ گرباز نے مداحوں کی محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے چاہنے والوں کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی نے 5 فروری کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے رحمان اللہ گرباز کی ٹیم میں شمولیت کی تصدیق کی تھی۔ اعلان کے ساتھ جاری کیے گئے گرافیکل پوسٹر میں گرباز کو روایتی پگڑی پہنے پہاڑی پس منظر کے ساتھ دکھایا گیا تھا، تاہم فرنچائز کی جانب سے معاہدے کی رقم ظاہر نہیں کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہو کر 3 مئی تک جاری رہے گا، جبکہ رحمان اللہ گرباز کی دستبرداری پشاور زلمی کے لیے ایک اہم تبدیلی تصور کی جا رہی ہے۔