بی سی بی صدر امین السلام دورۂ پاکستان مکمل کر کے وطن روانہ، پاک بنگلہ دیش کرکٹ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

0

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین السلام پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ پر خود پہنچ کر معزز مہمان کو رخصت کیا۔

ذرائع کے مطابق امین السلام کے دورۂ پاکستان کے دوران پی سی بی حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دوطرفہ کرکٹ تعلقات، باہمی سیریز کے امکانات اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں بورڈز کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور روابط کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

امین السلام نے گزشتہ شب قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی وفد کے ہمراہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات میں بھی شرکت کی، جو خوشگوار اور مثبت ماحول میں منعقد ہوئی۔ طویل اجلاس میں زیرِ بحث آنے والے نکات سے متعلق آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ عالمی ادارے کو آگاہ کریں گے۔

ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کرکٹ روابط مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے امین السلام کے دورے کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا۔

اس موقع پر بی سی بی کے صدر امین السلام نے شاندار مہمان نوازی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات آئندہ دنوں میں مزید فروغ پائیں گے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.