ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: زمبابوے نے عمان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
کولمبو – ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں زمبابوے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا۔
میچ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر عمان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ زمبابوین بولرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدا ہی سے دباؤ برقرار رکھا اور پاور پلے میں 4 وکٹیں حاصل کرلیں۔
عمان کی ٹیم 7 اوورز میں 27 رنز پر 5 وکٹیں گنوانے کے بعد شدید مشکلات کا شکار ہوگئی۔ اس موقع پر ونایک شکلا نے 28 اور سفیان محمود نے 25 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم عمان بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں ناکام رہی۔
عمان کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ندیم خان 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی، بریڈ ایونز اور رچرڈ نگاراوا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان سکندر رضا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
104 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی اور 13.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ اوپنر برائن برینٹ نے 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ برینڈن ٹیلر 31 رنز بنا کر ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔ مرومانی نے 21 رنز بنائے اور کپتان سکندر رضا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
عمان کی جانب سے سفیان محمود نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔