ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان ویمنز اے ٹیم کی یو اے ای کے خلاف 9 وکٹوں سے شاندار فتح، سیمی فائنل میں رسائی
لاہور – پاکستان ویمنز اے ٹیم نے یو اے ای کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر Women’s Asia Cup Rising Stars کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے 80 رنز کا ہدف مقررہ 15.5 اوورز میں حاصل کرنا تھا، تاہم قومی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے یہ ہدف صرف 11 اوورز میں حاصل کر لیا۔
اوپنر شوال ذوالفقار نے 38 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ حرینہ سجاد 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دونوں کے درمیان 56 رنز کی شاندار شراکت داری نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
باؤلنگ کے شعبے میں لیفٹ آرم اسپنر انوشہ ناصر نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 اوورز میں ایک میڈن سمیت 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کپتان حفصہ خالد نے 2 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز اے ٹیم گروپ اے سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جہاں اس کے ساتھ بھارت اے بھی شامل ہے۔ گروپ بی کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ کل ہوگا۔ ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز 20 فروری کو بنکاک کے ٹرڈ تھائی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔