شمالی وزیرستان کی کم عمر فاسٹ بولر آئینہ وزیر سوشل میڈیا پر وائرل، پشاور زلمی کی جانب سے سپورٹ کا اعلان

0

پشاور – خیبر پختون خوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا سے تعلق رکھنے والی کم عمر بچی آئینہ وزیر اپنی شاندار فاسٹ بولنگ کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جہاں ان کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

مقامی سطح پر ہونے والے بچوں کے کرکٹ میچ کے دوران آئینہ وزیر نے تیز رفتار اور متاثر کن بولنگ کا مظاہرہ کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں مستقبل کی اسٹار قرار دیتے ہوئے بھرپور پذیرائی دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مقامی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم مناسب سہولتوں اور مواقع کے فقدان کے باعث باصلاحیت کھلاڑی قومی سطح تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔

آئینہ وزیر کی وائرل ویڈیو دیکھنے کے بعد جاوید آفریدی نے ان کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں غیر معمولی باصلاحیت کھلاڑی قرار دیا۔

پشاور زلمی کے مالک نے اعلان کیا کہ آئینہ وزیر کو آئندہ زلمی ویمن لیگ کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ وہ باقاعدہ پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ زلمی ویمن لیگ کا مقصد لڑکیوں کو کھیلنے، اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور دیگر بچیوں کے لیے مثال بننے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

جاوید آفریدی نے مزید یقین دہانی کرائی کہ آئینہ وزیر کو مکمل کرکٹ کٹ اور تربیتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں اور مستقبل میں بڑے مقابلوں کے لیے تیار ہو سکیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل بھی کی کہ آئینہ وزیر کی رابطہ معلومات فراہم کی جائیں تاکہ ٹیم انتظامیہ براہِ راست ان سے رابطہ کر کے عملی اقدامات کا آغاز کر سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ابتدائی سطح پر سرپرستی اور تربیت فراہم کی جائے تو پاکستان میں خواتین کرکٹ کے فروغ میں نمایاں پیش رفت ممکن ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.