ڈھاکا – پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ آج ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 1 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوگا جبکہ سیریز کے تمام مقابلے ڈھاکا کے معروف شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
پہلے ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑی صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شامل حسین اپنے کیریئر کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔ واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹاپ اسکورر رہ چکے ہیں۔
سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 13 اور 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے منتخب نئی اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل کئی کھلاڑیوں نے پاکستان شاہینز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
مائیک ہیسن کے مطابق بنگلہ دیش کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اس لیے ٹیم کو مقامی پچز اور موسم کے مطابق خود کو جلد ڈھالنا ہوگا تاکہ میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر سخت مقابلہ دیا جا سکے۔
دورۂ بنگلہ دیش کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں۔ ٹیم میں عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت اور معاذ صداقت شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شمائل حسین بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
