کراچی – Pakistan Super League کے 11ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی بدھ کو National Stadium Karachi کی نئی عمارت میں منعقد ہونے والی ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں کی گئی۔
تقریب میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر Salman Naseer مہمانِ خصوصی تھے جبکہ لیگ میں شریک فرنچائزز کے مالکان اور نمائندے بھی موجود تھے۔ شرکا میں Quetta Gladiators کے ندیم عمر، Karachi Kings کے سلیمان اقبال، Lahore Qalandars کے عاطف رانا اور Rawalpindi Pandies کے احسن طاہر شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ 10 برسوں میں لیگ نے مختلف مراحل طے کیے اور اب یہ ایک مضبوط اور بڑے خاندان کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل میں جیت اور ہار معمول کا حصہ ہوتی ہے لیکن لیگ اب ایک تناور درخت بن چکی ہے۔
پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں دو نئی فرنچائزز Hyderabad Kingsmen اور Rawalpindi Pandies شامل ہیں۔
لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہو کر 10 مئی تک جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن Lahore Qalandars اور Hyderabad Kingsmen کے درمیان Gaddafi Stadium لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل کے میچز اس بار لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور سمیت چھ شہروں میں منعقد ہوں گے۔ Iqbal Stadium Faisalabad اور Arbab Niaz Stadium پہلی بار لیگ میچز کی میزبانی کریں گے۔
ہر ٹیم لیگ مرحلے میں 10 میچز کھیلے گی جبکہ پلے آف مرحلہ 28 اپریل سے شروع ہوگا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک کوالیفائر سمیت 11 میچز جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
اسی طرح ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں چار میچز کھیلے جائیں گے جن میں Multan Sultans ایکشن میں ہوں گے، جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم چھ میچز کی میزبانی کرے گا۔
