بیجنگ/پیانگ یانگ – چین اور شمالی کوریا کے درمیان مسافر ٹرین سروس 6 سال بعد دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پہلی ٹرین جمعرات کو بیجنگ سے پیانگ یانگ کے لیے روانہ ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق ٹکٹ زیادہ تر کاروباری ویزا رکھنے والے افراد نے خریدے، جن میں کاروباری افراد، سرکاری حکام اور صحافی شامل ہیں۔ چینی ریلوے کے مطابق اگلی ٹرین 18 مارچ کو روانہ ہوگی اور اس کے لیے ٹکٹ دستیاب ہیں۔
چینی ریلوے نے بتایا کہ ڈانڈونگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرین روزانہ چلائی جائے گی، جبکہ بیجنگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرین ہفتے میں چار دن (پیر، بدھ، جمعرات اور ہفتہ) روانہ ہوگی۔ مسافروں کی دستاویزات کی چیکنگ چین میں ڈانڈونگ بارڈر کراسنگ اور شمالی کوریا کے شہر سینوئجو میں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ مسافر ٹرین سروس 2020ء میں کورونا وباء کے دوران معطل کی گئی تھی اور یہ ریلوے لائن شمالی کوریا اور اس کے اہم اتحادی چین کے درمیان سفر اور تجارت کے لیے ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔
