چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علمائے کرام سے ملاقات ہوئی جس میں قومی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں اتحاد، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ میں علما کے کردار پر زور دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل کی اہل تشیع کے علمائے کرام سے ملاقات میں گمراہ کن معلومات، فرقہ واریت اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، آپریشن غضب للحق کا حوالہ دیتے ہوئے افغان سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دینے کا دوٹوک مؤقف بیان کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ غلط معلومات،فرقہ وارانہ بیانیے اور عدم استحکام کی بیرونی کوششوں کا مقابلہ کرنے میں علما کا کردار اہم ہے، فیلڈ مارشل نے علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں اور فعال سفارتکاری پر روشنی ڈالی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے اتحاد اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے علمائے کرام کے اہم کردار پر زور دیا، کہا ملک میں تشدد کو ہوا دینے کے لیے مذہبی جذبات کا استحصال نہیں کیا جانا چاہیے، کسی دوسرے ملک میں ہوئے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں شریک علمائے کرام نے امن، استحکام کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ مذہب کے نام پر تشدد کی مذمت کی، علماء نے ملک میں امن و استحکام لانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی عوام کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال برداشت نہیں کریں گے۔ پاکستان کیخلاف کام کرنے والے دہشت گرد جہاں بھی ہوئے ختم کرکے دم لیں گے، افغان طالبان پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے اپنی سرزمین کا استعمال روکیں۔
