چین نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں امن مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ تمام فریقوں کو ایک ہی سمت میں کام کرنا چاہیے اور حقیقت میں بامقصد و مخلصانہ امن مذاکرات کے لیے حالات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
لن جیان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ "اہم ترجیح امن مذاکرات کو فعال طور پر فروغ دینا، اس موقع سے فائدہ اٹھانا اور جنگ کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔”
چینی وزارت دفاع کے ترجمان جیانگ بن نے بھی تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کو حل کرنے اور خطے میں کشیدگی سے بچنے کی کوششیں سب کے لیے اہم ہیں۔ چین کی یہ پوزیشن عالمی سطح پر جنگ بندی اور امن کے فروغ کے لیے ایک واضح پیغام تصور کی جا رہی ہے۔
