وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہے۔ عطار تارڑ نے زلفی بخاری اور بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی عارف اجاکیہ سے ملاقات پر شدید تنقید کردی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرانے کیلئے پاکستان کا کلیدی کردار سامنے آرہا ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا پوری دنیا میں منوایا۔
عطار تارڑ نے کہا کہ جہاں بھارت ہماری کامیابیوں سے شدید پریشان ہے وہیں جنیوا اجلاس میں بھی غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ پی ٹی آئی والے عارف اجاکیہ جیسے لوگوں سے مل کر سازش کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈے اور بھونڈی حرکتیں پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔ البتہ سازشیں کرنے والوں کا مکروہ چہرہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
عطار تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط،ڈیفالٹ کی دعائیں کرنا پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے، پاکستان ان کی تمام کوششوں کے باوجود مضبوط رہے گا، اوچھے ہتھکنڈے اور بھونڈی حرکتیں پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتیں۔
