متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ محفوظ اور کھلا رکھنے کے لیے ایک بین الاقوامی بحری ٹاسک فورس میں شامل ہونے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ رائٹرز اور فنانشل ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق اماراتی حکام نے امریکا اور دیگر مغربی اتحادیوں کے ساتھ اس حوالے سے رابطے کیے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ایک ایسی کثیرالقومی "ہرمز سیکیورٹی فورس” کے قیام کے لیے کوشش کر رہا ہے جو اس اہم آبی گزرگاہ میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے اور ممکنہ حملوں یا رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے میں مدد دے سکے۔
متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس نے درجنوں ممالک کو اس مجوزہ فورس میں شامل ہونے کی ترغیب دی ہے تاکہ مشترکہ طور پر اس اسٹریٹجک آبی گزرگاہ کا دفاع کیا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق بعض امریکی اتحادی ممالک نے فوری طور پر فوجی بحری جہاز بھیجنے کا کوئی واضح منصوبہ نہیں دیا۔ دوسری جانب فرانس سمیت کئی ممالک نے اس معاملے پر مشاورت کی ہے اور مختلف شراکت داروں کے ساتھ ممکنہ اقدامات پر غور جاری ہے، تاہم بعض تجاویز کے مطابق یہ کوششیں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے بعد زیادہ مؤثر ہو سکتی ہیں۔
مزید یہ کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اس معاملے پر مختلف مسودوں اور تجاویز پر بحث جاری ہے، جن میں تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے اقدامات شامل ہیں۔
