پاکستان سپر لیگ 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگز مین کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس اہم ناک آؤٹ میچ میں حیدرآباد کنگز مین کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 69 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے اور ٹیم کو ایک قابلِ دفاع مجموعہ فراہم کیا۔
دیگر بلے بازوں میں محمد نواز 18، صاحبزادہ فرحان 15، اسٹیون اسمتھ 13 اور کپتان ایشٹن ٹرنر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے باؤلنگ میں عاکف جاوید، حنین شاہ اور محمد علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب اور گلین میکسویل ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
میچ کے اس مرحلے پر حیدرآباد کنگز مین کو ایلیمینیٹر میں کامیابی کے لیے 160 رنز کا ہدف درکار ہے، اور مقابلہ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
