ایران امریکہ ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں پاکستان مسلسل فعال ہے: دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور برابری کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے علاقائی امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ خطے میں پائیدار امن صرف مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے ملکوں کے درمیان مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، نائب وزیر اعظم خطے اور دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں، پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، پائیدار جنگ بندی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنے ثالثی کے کردار کا اعادہ کرتا ہے، افغانستان پر زور دیا ہے کہ اپنی سرزمین سے دہشتگردی کو روکے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے قطر اور آذربائیجان کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں علاقائی صورتحال اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو ورلڈ اربن فورم کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مشرق وسطیٰ کے خصوصی نمائندے سے ملاقات کی، جس میں خطے میں امن و استحکام اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں ڈی اسکیلیشن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مختلف فریقین سے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں خاص طور پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کردار بھی شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 8 مئی کو نائب وزیراعظم نے سنگاپور کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں پاکستانی اور ایرانی بحری عملے کی واپسی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، 11 مئی کو سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو میں بھی خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے، سعودی عرب نے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہا اور ایران و امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کی حمایت کا اظہار کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 12 مئی کو آسٹریا کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں بھی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور پاکستان کی سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا گیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، بحری سلامتی اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے