55ویں نیشنل والی بال چیمپیئن شپ میں دوسرے روز بھی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں مختلف ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابیاں اپنے نام کیں۔
واہ کینٹ میں جاری چیمپیئن شپ کے پہلے میچ میں پنجاب نے گلگت بلتستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد تین صفر سیٹ سے شکست دے دی۔ پنجاب کی کامیابی کا اسکور 14-25، 24-26 اور 15-25 رہا۔
دوسرے میچ میں پاکستان ائیر فورس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بلوچستان کو بغیر کسی مزاحمت کے تین صفر سیٹ سے ہرادیا۔
تیسرے مقابلے میں آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں آزاد کشمیر نے سخت مقابلے کے بعد تین دو سیٹ سے کامیابی حاصل کی۔
چوتھے میچ میں پاکستان نیوی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ کو تین صفر سیٹ سے شکست دے دی، جبکہ سندھ کی ٹیم نیوی کے خلاف مؤثر مزاحمت نہ کرسکی۔
