پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ ہراسانی اور دھمکیوں کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسانی، دھمکیاں دینے اور ان کے سسرالی خاندان کو پریشان کرنے کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد معاملہ سوشل میڈیا اور ملکی میڈیا میں شدت سے زیر بحث آ گیا۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ کی جانب سے شکایت درج کروائے جانے کے بعد این سی سی آئی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ بعض شواہد بھی حکام کے سامنے پیش کیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی معلومات کے مطابق مومنہ اقبال اور محمد ثاقب چدھڑ ماضی میں ایک طویل عرصے تک تعلق میں رہے تاہم تقریباً آٹھ ماہ قبل دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔ بعد ازاں اداکارہ کی منگنی طے پائی اور ان کی شادی یکم جون کو متوقع بتائی جا رہی ہے۔
معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی خاتون کو ہراساں کرنا، دھمکیاں دینا یا ذاتی مواد کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی بھی بااثر شخصیت کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
