فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس ریونیو کا ماہانہ ہدف پورا کرنے میں پھر ناکام ہوگیا۔ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ٹیکس شارٹ فال 860 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مئی 2026 میں ٹیکس وصولی کا ہدف 1150 ارب روپے تھا تاہم ایف بی آر اب تک 965 ارب روپے ہی ٹیکس جمع کر پایا ہے، ایف بی آر کو رواں ماہ محصولات میں 185 سے190 ارب روپے کمی کا سامنا ہے۔ کل آخری روز دفاتر کھلے رہیں گے، ٹیکس ریونیو میں مزید بہتری متوقع ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ٹیکس شارٹ فال 860 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے، ایف بی آر حکام کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 683 ارب روپے کا شارٹ فال ہوا تھا۔
رواں مالی سال ایف بی آر کا سالانہ ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے مقرر تھا تاہم آئی ایم ایف کی مشاورت سے ٹیکس ہدف کم کرکے 13 ہزار 989 ارب مقرر کیا گیا۔
سالانہ ہدف پر نظرثانی اور کمی کے باوجود ریونیو جمع کرنے میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ اگلے مالی سال ایف بی آر کا سالانہ ٹیکس ہدف 15 ہزار 267 ارب رکھنے کی تجویز ہے۔
