امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جاری تنازع کا خاتمہ کر دیا ہے، تاہم ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کسی حتمی معاہدے پر ابھی اتفاق نہیں ہوا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے ایک ورچوئل ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے آج ایران کے ساتھ جنگ ختم کر دی ہے۔” انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے پر اتفاق کر لیا ہے، جو واشنگٹن کا بنیادی مطالبہ تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ مذاکرات کے نتیجے میں اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے اور فریقین ایک ایسے فریم ورک پر متفق ہوئے ہیں جو خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران نے ٹرمپ کے بیان پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ کوئی حتمی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ابھی تک مذاکرات کے حوالے سے کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا۔ ان کے مطابق معاہدے کے متن کے کئی حصوں کو حتمی شکل ضرور دی گئی ہے، تاہم بعض اہم نکات اب بھی متعلقہ فیصلہ ساز اداروں کے زیر غور ہیں۔
اسماعیل بقائی نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور سرخ لکیروں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور حتمی فیصلہ تمام متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔
