گھانا میں ایک مقامی فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے کھیلوں کی دنیا کو سوگوار کر دیا، جہاں ایک نوجوان کھلاڑی مخالف ٹیم کے گول کیپر سے شدید ٹکر کے بعد جانبر نہ ہو سکا۔
عینی شاہدین کے مطابق میچ کے دوران کھلاڑی گیند کے ساتھ گول کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اسی دوران گول کیپر کے ساتھ خطرناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں۔ زخمی کھلاڑی کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس کے بعد دنیا بھر کے فٹبال شائقین نے افسوس اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین اور عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ محض ایک حادثہ نہیں تھا بلکہ گول کیپر نے جان بوجھ کر خطرناک انداز میں مداخلت کی۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گول کیپر گیند روکنے کی کوشش کے دوران اچھل کر کھلاڑی کی گردن کے قریب ٹکر مارتا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
