پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کےلیے تین اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر دیئے گئے۔
معاہدوں پر دستخط استنبول میں ہونے والی اعلیٰ سطحی بین الوزارتی مشاورت کے دوران کیے گئے، جن کا مقصد توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون، تکنیکی مہارت کے تبادلے اور مشترکہ ترقیاتی اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
اعلامیے کے مطابق استنبول میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی شعبے پر اعلیٰ سطح کی مشاورت ہوئے، پاکستان اور ترکیہ کے توانائی کےاداروں کے درمیان 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ ایم او یوز آئی ایس ایم او،ای پی آئی اے ایس اور ٹی ای آئی اے ایس کے درمیان ہوئے۔
پاور ڈویژن کے مطابق پی پی ایم سی اور ٹی ای ڈی اے ایس کے درمیان بھی ایم او یو طے پایا، مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد توانائی شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ہے، نجکاری کے بعد گورننس فریم ورک اور تکنیکی امور میں تعاون بھی شامل ہے۔ ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور تکنیکی مہارت کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پاور سسٹم آپریشنز اور ٹرانسمیشن منصوبہ بندی میں تعاون بڑھایا جائے گا، بجلی کی تقسیم کے شعبے کے انتظام اور ڈیجیٹلائزیشن پر تعاون کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کیا، کہا توانائی اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے شراکت داری اہم ہے، پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ اداروں کے درمیان تعاون سے عملی معلومات اور آپریشنل تجربات کا تبادلہ ہوگا، ترک فریق نے طویل المدتی ادارہ جاتی تعاون کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔
