عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے نیپال فٹبال ایسوسی ایشن کی رکنیت فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں نیپال کی قومی اور کلب ٹیمیں تمام بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے محروم ہو گئی ہیں۔
فیفا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ تنظیم کے آرٹیکل 16 کے تحت کیا گیا ہے اور معطلی آئندہ نوٹس تک برقرار رہے گی۔ فیصلے کے بعد All Nepal Football Association اپنے تمام رکنیتی حقوق سے محروم ہو گئی ہے۔
معطلی کے باعث نیپال کی مردوں، خواتین اور عمر کے مختلف گروپس کی نمائندہ ٹیمیں کسی بھی بین الاقوامی ٹورنامنٹ، کوالیفائنگ مقابلے یا دوستانہ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ اسی طرح نیپالی کلب ٹیموں پر بھی بین الاقوامی سطح پر شرکت کی پابندی عائد ہو گئی ہے۔
فیفا کے فیصلے کے بعد نیپال کے کھلاڑی، کوچز اور عہدیداران بھی فیفا اور Asian Football Confederation کے تحت چلنے والے ترقیاتی، تربیتی اور انتظامی پروگراموں سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
