کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان امتیاز کی علامت ہے ظلم اور بربریت کے خلاف اس کی مثال رہتی دنیا تک دی جاتی رہے گی۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے۔
ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر ختم ہوگا۔ کوئٹہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس شہداء چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا ۔ جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا علمدار روڈ پر ہی اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حفاظت علی شاہ تیلی محلہ سے برآمد ہو گا۔ جلوس روٹ کو سیل کر کے شرکا کے داخلہ کے لیے ایک راستہ مختص کردیا گیا ہے۔
لاہور میں یوم عاشور کا جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس آج کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں میں عزاداروں کے لیے سبیلیں اور نیاز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
فیصل آباد میں 10 محرم کا مرکزی جلوس عزاخانہ شبیر سے برآمد ہوگا ۔ ضلع بھر میں سینکڑوں مجالس اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ملتان میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ہیرا حیدریہ سے برآمد ہوگیا جو کہ بعد نماز مغرب امام بارگاہ شاہ شمس تبریز پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
