امریکا کی ثالثی میں اسرائیل، لبنان اور امریکا کے درمیان ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنوبی لبنان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کی جانب ایک ابتدائی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت لبنانی فوج مرحلہ وار پورے ملک میں اپنی عملداری اور سیکیورٹی کنٹرول بحال کرے گی، جبکہ غیر ریاستی مسلح گروہوں، بالخصوص حزب اللہ، کو غیر مسلح کرنے کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان سے مرحلہ وار انخلاء اسی صورت میں ہوگا جب معاہدے کے تحت طے شدہ سیکیورٹی اقدامات اور حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے عمل کی تصدیق ہو جائے گی۔
معاہدے میں جنوبی لبنان کے دو علاقوں کو ابتدائی طور پر پائلٹ زون قرار دیا گیا ہے، جہاں لبنانی فوج مکمل سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے گی۔ ان علاقوں میں تعمیرِ نو کے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور بے گھر شہریوں کی مرحلہ وار واپسی کو بھی ممکن بنایا جائے گا۔
