ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فوج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ امریکا کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئی جارحیت کا پہلے سے زیادہ سخت اور وسیع پیمانے پر جواب دیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی فوج کی جانب سے ایران کے خلاف کی گئی حالیہ کارروائی کے بعد جوابی اقدامات کیے گئے ہیں۔ تاہم بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کن امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا یا ان حملوں میں کس نوعیت کا نقصان ہوا۔
آئی آر جی سی نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایرانی جزیرہ سرک پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ایرانی فورسز نے اس کارروائی کو ناکام بنا دیا اور امریکی حملے کو پسپا کر دیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی حملے کا جواب فوری اور فیصلہ کن ہوگا، اور اگر امریکا نے مستقبل میں دوبارہ حملہ کیا تو ایران اس کا پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور وسیع ردعمل دے گا۔
