نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے برطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی عمل، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی سے طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔
گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات، سفارت کاری اور تعمیری روابط کے فروغ پر یقین رکھتا ہے اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ تعلقات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں قریبی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ نے علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
