سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے زیر اہتمام فوسٹر ہوم لاہور میں مقیم یتیم اور بے سہارا بچوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں سماجی، فلاحی، مذہبی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں ناروے سے تشریف لانے والے سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے سربراہ حافظ محمد اسلم حق، معروف سماجی شخصیت محمد ریحان طاہر، صاحبزادہ قاسم قادری، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب آصف صادق بھٹی سمیت دیگر معزز مہمان شریک ہوئے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر بچے کو محبت، تحفظ، معیاری تعلیم اور باوقار مستقبل فراہم کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور انہیں بااعتماد اور باکردار شہری بنانا نہ صرف قومی بلکہ دینی فریضہ بھی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مہذب اور فلاحی معاشرے کی اصل شناخت یہی ہے کہ وہ اپنے کمزور، محروم اور ضرورت مند طبقات، بالخصوص بچوں کی بہترین انداز میں دیکھ بھال کرے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ یتیم، بے سہارا اور مستحق بچوں کی کفالت، معیاری تعلیم، رہائش اور فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں کے ذریعے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے، جو انسان دوستی، سماجی خدمت اور فلاحی جذبے کی روشن مثال ہیں۔
تقریب کے دوران مہمانوں نے بچوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ وقت گزارا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی تعلیمی و سماجی سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے محروم بچوں کی بہتر تعلیم، تربیت اور خوشحال مستقبل کے لیے ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

