تہران میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تہران میں اسلامی مشاورتی اسمبلی (ایرانی پارلیمنٹ) کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، علاقائی امن و استحکام، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور عالمی امن کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کے انتقال پر ایرانی حکومت، پارلیمنٹ اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی دونوں ممالک سمیت پورے خطے کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون، دوطرفہ تجارت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں ایران کا مخلص اور قابلِ اعتماد دوست ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور قیادت پاکستان اور اس کے عوام کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے