بالوگن کی معطلی ختم کرنے پر فیفا تنازع میں گھِر گیا، یورپی ارکانِ پارلیمنٹ کا انفانٹینو کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ

یورپی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان نے امریکی اسٹرائیکر فولارین بالوگن کی ریڈ کارڈ معطلی ختم کرنے کے فیصلے پر فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ قانون سازوں نے اس اقدام کو شفافیت کے اصولوں کے منافی اور عالمی فٹ بال کی ساکھ کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی قانون سازوں کا کہنا ہے کہ فیفا کی جانب سے بالوگن کی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ غیر معمولی ہے، جس نے یہ سوالات پیدا کر دیے ہیں کہ آیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ سیاسی مداخلت یا دباؤ اس فیصلے پر اثرانداز ہوا۔

رپورٹ کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کے ایک گروپ نے باقاعدہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے کردار اور فیصلے کے تمام پہلوؤں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔

قانون سازوں نے الزام عائد کیا کہ انفانٹینو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے قریبی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا فیصلہ کیا جس نے عالمی فٹ بال کی روایات اور ڈسپلنری نظام پر سوالات کھڑے کر دیے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے کھیلوں کے انتظامی فیصلوں میں سیاسی اثر و رسوخ کے خدشات مزید گہرے ہوئے ہیں۔

یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کی فٹ بال ایسوسی ایشنز پر بھی زور دیا ہے کہ وہ فیفا سے اس فیصلے کے طریقۂ کار اور کسی بھی ممکنہ سیاسی مداخلت کے حوالے سے باضابطہ نظرثانی کا مطالبہ کریں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے