نجی ایئرلائن کے کارگو طیارہ حادثے کے بعد گہرے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق طیارے کا مزید ملبہ اور پرزے سمندر سے برآمد کرلیے گئے ہیں، جنہیں تحقیقات کے لیے بیورو آف ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔ برآمد شدہ پرزے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات میں استعمال کیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی مشترکہ طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ لاپتا عملے کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری وسائل بھرپور انداز میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔پی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلیک باکس سمیت عملے کے پانچ ارکان کی تلاش جاری ہے جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مزید پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
