پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور تونسہ کے مقام پر اب بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے، جہاں کالاباغ میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ ایک ہزار کیوسک جبکہ تونسہ میں 3 لاکھ 85 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، تاہم تونسہ بیراج پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ادارے کے مطابق دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور مرالہ، خانکی، قادر آباد، تریموں اور پنجند کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول پر آ چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج اور جہلم میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، بلوکی میں پانی کا بہاؤ 63 ہزار کیوسک اور سدھنائی میں 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
دوسری جانب وزیرآباد نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 4 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور وہاں پانی کا بہاؤ ایک ہزار کیوسک ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ کے مطابق بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا تھا، تاہم دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں بارشیں رک چکی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریا میں طغیانی میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔
