اقوام متحدہ کے اگلے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کا باقاعدہ عمل شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت سلامتی کونسل نے امیدواروں کی حمایت کا ابتدائی جائزہ لینے کے لیے پہلا غیر رسمی "اسٹرا پول” منعقد کیا۔
موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس اپنی دوسری پانچ سالہ مدت 31 دسمبر 2026 کو مکمل کر رہے ہیں، جس کے بعد نئے سربراہ کا انتخاب کیا جائے گا۔
اس وقت اس اہم عالمی عہدے کے لیے سات امیدوار میدان میں ہیں، جن میں چار خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔ اگر کسی خاتون امیدوار کا انتخاب ہوتا ہے تو وہ اقوام متحدہ کی تاریخ کی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل ہوں گی۔
امیدواروں میں چلی کی سابق صدر مشیل بیچلیٹ، ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ ماریا فرنینڈا ایسپینوسا، ارجنٹائن سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے سربراہ رافیل گروسی، کوسٹا ریکا کی ریبیکا گرینسپین، یوگنڈا کے اولارا اوٹنو، گیانا کی کیرولین روڈریگس برکیٹ اور سینیگال کے سابق صدر میکی سال شامل ہیں۔
