فلسطینی عازمینِ حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا، جس میں تقریباً 1200 عازمین شامل ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق رواں برس مجموعی طور پر تقریباً 6600 فلسطینی شہری فریضۂ حج ادا کریں گے، جن میں مصر میں مقیم غزہ کے قریب 700 عازمین بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارتِ اوقاف و مذہبی امور کے انڈر سیکرٹری اور حج و عمرہ کمیٹی کے سربراہ عصام عبدالحلیم نے سعودی حکومت کی جانب سے فلسطینی عازمین کے لیے کیے گئے انتظامات اور سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت نے عازمین کی آمد، رہائش اور نقل و حمل کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے فلسطینی عازمین کی آمد کو آسان بنایا گیا، جبکہ مکہ مکرمہ اور مشاعرِ مقدسہ میں فراہم کی جانے والی خدمات اعلیٰ معیار کی ہیں۔
عصام عبدالحلیم کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے تحت عازمینِ حج، بالخصوص فلسطینی زائرین، کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں تاکہ انہیں ایک منظم اور سہل حج تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پہنچنے پر فلسطینی عازمین کو عوام کی جانب سے بھرپور استقبال اور بہترین مہمان نوازی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ فلسطینی حج مشن اور سعودی اداروں کے درمیان مثالی تعاون بھی دیکھنے میں آیا۔
