پنجاب بھر کے اسکول 24 اگست کو موسم گرما کی تعطیلات کے بعد کھل جائیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے متعلقہ حکام کو اسکول کھولنے سے قبل صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ کہا تمام اسکولوں میں کلاس رومز،واش رومز، کھیل کے میدان اور دیگر مقامات کی صفائی یقینی بنائیں، اسکولوں میں صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ اسکولوں میں پانی کی ٹینکیوں اور چھتوں کی صفائی اور جراثیم کشی کی جائے، مون سون کے پیش نظر اسکولوں میں نکاسی آب کے نظام کو چیک کیا جائے، اسکولوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی جائے۔
اسکولوں میں مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات ختم کیے جائیں، زیر تعمیر یا مرمتی کام والے علاقوں کو طلبہ سے محفوظ رکھنے کیلئے رکاوٹیں لگائی جائیں، اسکولوں میں پنکھے، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ چیک کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیر تعلیم پنجاب تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے، اسکول کھلنے سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سیکیورٹی آلات کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کہا اسکولز کو دوبارہ کھولنے سے قبل سربراہان حتمی معائنہ کریں، غفلت، تاخیر یا ہدایات پر عمل نہ کرنے پر ایکشن ہوگا۔
