وزیراعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر توانائی ڈزینس ماروز نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے قیادت کی سطح پر طے پانے والے فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے بیلاروسی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس میں ہونے والی مفید پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں سے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی اور باہمی تعاون کے عملی ثمرات سامنے آئیں گے۔ بیلاروس کے وزیر توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
