پاکستان کا79 واں یوم آزادی ملک بھر میں ملی جوشِ و جزبے سے منایا جارہاہے، ملک بھر میں شہری جھنڈے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔
اسلام آباد ، کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں میں 79 ویں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد بھرپورجوش وخروش سے جاری ہے۔
لاہور کے پانچ مقامات پر حکومت پنجاب کی جانب سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جن میں لبرٹی ، اقبال پارک، ڈولمن مال ڈیفننس، گلشن اقبال، اڈہ پلاٹ شامل ہیں ۔
پنجاب حکومت کی جانب سے لبرٹی، ایچ بلاک ڈیفنس اور ڈیفنس فیز6 میں میوزیکل پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں گلوکاروں کی جانب سے قومی نغمے گائے گئے جس نے نوجوانوں میں جوش بھر دیا ۔
کراچی میں پورٹ گرینڈ ، فائیوسٹار چورنگی ، بنس روڈ پر آتشبازی کاشاندار مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی تاہم اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ۔
پشاور کے اسپورٹس کمپلیکس ، ملتان کے گھنٹہ گھر چوک ، فیصل آباد میں باغ جناح پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر جشن منایا۔
سیالکوٹ کے قلعہ میں بھی آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے فیملیز بھی آن پہنچیں اور حکومت کو شاندار جشن پر سراہا ۔
سکھر بیراج کے قریب واکنگ ٹریک اور حیدرآباد میں گل سینٹر پر آتش بازی کا مظاہر کیا گیا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ بھی آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
دن کا آغاز وطن عزیز کیلیے خصوصی دعاؤں سے ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیاں اور تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا
اسلام آباد میں یاد گار فتح کی افتتاحی تقریب
صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ٹیکنالوجی اور کمال فن تعمیر کے شاہکار ’ یادگار فتح‘ کا کر دیا ہے ، جو آنے والی نسلوں تک معرکہ حق کی داستانیں سناتا رہے گا۔
یاد گار فتح میں مستقل طور پر جدید ٹیکنالوجی کا نظام نصب کیا گیا ہے، یہ پروجیکشن میپنگ کا ایک جدید نظام ہے جو کہ ایک لاکھ بیس ہزار لیومن ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے۔
اس جدید نظام کے ذریعے تقریب میں یاد گار فتح پر داستان عشق وطن معرکہ حق بھی تقریب میں شرکاء کو دکھائی گئی ۔
تقریب میں قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے عزم کا شاندار مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ مسلح افواج کے ساتھ سول آرمڈ فورسز کے دستوں نے سلامی پیش کی ۔پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر 17 نے شاندار تقریب کے موقع پر سلامی پیش کی ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 79ویں یومِ آزادی کےموقع پرتمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، 14 اگست کو ان قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا، قائداعظم،آزادی کے رہنماؤں اور کارکنوں اور قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے، پاکستان کومزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا، معرکہ حق نے یہ ثابت کیا پاکستان امن کاخواہاں ہے لیکن خودمختاری سے مالامال ہے، آج ہمیں جو امن اور استحکام حاصل ہے،اس کیلئے بڑی قیمت ادا کی گئی ہے، مسلح افواج،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ان کی بہادری اور عزم نے ہماری قوم کے تحفظ میں اہم کردارادا کیا ہے، یقین ہے تنازعات کو بالآخر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیاجانا چاہیے، ہماری سلامتی ہمارے پڑوس اور پوری دنیا کے امن اور استحکام سے جڑی ہوئی ہے، پاکستان کشیدگی کم کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا، پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، ہمارے عوام کو امن اور خوشحالی عطا کرے۔ پاکستان زندہ باد
وزیراعظم شہبازشریف کایومِ آزادی پرپیغام
وزیراعظم شہبازشریف نے تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یومِ آزادی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ صد شکر کہ اللہ تعالیٰ نے مملکت خداداد کی صورت میں آزادی کی نعمت سے نوازا، من حیث القوم تحریک آزادی کے قائدین،کارکنان اور اسلافِ ملت کو سلام پیش کرتے ہیں، قائدِاعظم کی مدبرانہ قیادت کی بدولت آزاد مملکت کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوا۔
ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نےمسلمانان ہند کو آزاد وطن کے نصب العین پر متحد کیا، آزاد مملکت کی ترقی و خوشحالی کا یہ سفر تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے، پاکستانی مرد وخواتین نے اپنی کاوشوں سے عزم وہمت کے باب رقم کئے، گزشتہ ڈھائی سال میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا، اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔
گزشتہ دوبرس کےدوران ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، پاکستان دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرےگا، آج پاکستان اقوام عالم میں پُرعزم،باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پہچانا جاتا ہے، پاکستان امن، استحکام اورعلاقائی تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کررہا ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطےمیں پاکستان کے بڑھتے تزویراتی کردار کا اہم مظہر ہے۔
پاکستان مظلوم فلسطینی عوام اور کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں سے مکمل اظہاریکجہتی کرتا ہے، آج یوم آزادی پر قوم اپنے تمام شہداء کو بھی دلی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، آئیےعزم کی تجدید کریں کہ یک جان ہوکر سرزمینِ پاکستان کیلئے بھرپور کام کریں گے،اللہ تعالیٰ پاکستان کوعزت ووقارکی علامت بنائے اور درخشندہ مستقبل نصیب فرمائے، آمین۔
