امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے ساتھ ایک بڑے تیل معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ دعویٰ جمعہ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر ایک بیان میں کیا۔ امریکی صدر کے مطابق ان کی ہدایت پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگس کے ساتھ مل کر اس معاہدے پر کام کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے نجی کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے وینزویلا کے تیل کے بڑے ذخائر پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ معاہدے کے نتیجے میں امریکا کے تیل کے ذخائر تقریباً دوگنا ہو جائیں گے۔
وینزویلا دنیا کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ امریکا گزشتہ کچھ عرصے سے اس ملک کے توانائی کے شعبے میں اپنی موجودگی بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ امریکی ریفائنریوں کے لیے وینزویلا کے خام تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔ وینزویلا کی تیل کی صنعت طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہے۔ ملک میں خام تیل کی پیداوار اس وقت تقریباً 1.25 ملین بیرل یومیہ بتائی جاتی ہے۔ امریکی حکام وینزویلا کے توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات بھی تلاش کر رہے ہیں۔
