ترکیہ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع، ترک وزیر خارجہ، ترک وزیر دفاع اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس دوران دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورۂ ترکیہ کے دوران استنبول میں اعلیٰ سطح کی اہم ملاقاتیں کیں۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، ترک وزیر دفاع اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک رابطوں اور دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ سطح کے روابط پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔
