وزیراعظم شہباز شریف نےملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا ہے اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 2 گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ پر اہم جائزہ اجلاس ہوا جس دوران شہبازشریف نے ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر اظہار برہمی کیا اور حکم دیا کہ کسی بھی علاقے میں 2گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آرایل این جی کی فراہمی متاثرہوئی ہے، طلب ورسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے مجبورا ً لوڈمینجمنٹ کرنی پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت زرعی شعبے اور زرعی برآمدات کے فروغ کے حوالے سے بھی جائزہ اجلاس ہوا ۔ شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام میں زرعی شعبے کا کردار کلیدی قرار دیااور ملکی زرعی مصنوعات کیلئےعالمی منڈیوں میں رسائی کیلئے مربوط اقدامات کی ہدایت بھی کردی ہے ۔
وزیر اعظم نے بیرون ملک مشنز میں تعینات کمرشل افسران کو موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ زرعی شعبے کی برآمدات بڑھانے کیلئےزرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن ناگزیر ہے ۔ شہبازشریف نے فصلوں کی نگرانی کیلئےموبائل ایپ آگاہی بڑھانے کے لیے مؤثر میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی
وزیر اعظم نے کہا کہ فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے، زراعت میں جدت لانے، لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی اور زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور شراکت داری ضروری ہے ۔ اجلاس میں زرعی شعبے کے فروغ اور زرعی برآمدات بڑھانے کے لئے بریفنگ دی گئی اور تجاویز بھی پیش کی گئیں ۔
