وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی پاکستان کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی، دانش یونیورسٹی بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت ملک بھر اور پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دانش یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ دانش یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی آسامیوں کیلئے اب تک 185 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، دانش یونیورسٹی کیلئے بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کو دانش یونیورسٹی کے ورچوئل سکول کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، ورچوئل سکول میں کامیاب طلباء کو پانچ ماہ کے دورانیے کے سو فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی ورچوئل کلاسز کیلئے ٹیسٹ 40 سے زیادہ شہروں میں 24 اکتوبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا، دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل ہو جائے گی، دانش یونیورسٹی میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 کو ہوگا
بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں ابتدائی مرحلے میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی و سماجیات پر مبنی جدید تعلیمی پروگرام شروع کئے جائیں گے، طلبہ کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم شروع کرنے کی ضروری تیاری و معاونت کے لئے برج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، دانش یونیورسٹی کا برج پروگرام 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، ممبر قومی اسمبلی اسامہ سرور، چیئرمن بورڈ آف ٹرسٹیز دانش یونیورسٹی عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
