نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ملائیشین وزیر خارجہ محمد حسن سے ٹیلی فونک رابطے ہوئے جس دوران عباس عراقچی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت پر زور دیاجبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ملائیشین وزیر خارجہ نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز پر اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت پر زور دیااور کہا خطے میں امن و استحکام کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد ذریعہ ہیں۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ملائیشین وزیر خارجہ محمد حسن نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر گفتگو کی ، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیااور طے پایا کہ اسحاق ڈار اور ملائشین وزیر خارجہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات بھی کریں گے۔
