کراچی سمیت ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 آج منعقد ہوگا ،جیوینائل کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی امیدوار امتحان میں شرکت کرسکیں گے۔
ایم ڈی کیٹ 2026 میں مجموعی طورپر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار رجسٹرڈ ہیں،پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے تحت کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے چھ مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں 12 ہزار 30 امیدوار امتحان دیں گے لاہور کے تمام امتحانی مراکزمیں داخلے اور اخراج سمیت امتحانی ہالز کی سی سی ٹی وی نگرانی ہوگی,پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے ایم ڈی کیٹ مراکز کی مسلسل گھنٹے نگرانی کی جائے گی۔
سکھر آئی بی اے کےوائس چانسلر پروفیسر آصف احمد شیخ کےمطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکزقائم کیےگئےہیں،جن میں کراچی،حیدرآباد،جامشورو،لاڑکانہ،سکھر،میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد شامل ہیں۔ اسلام آباد میں ایک امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
سندھ میں آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے تحت 34 ہزار 235 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شرکت کریں گے، جبکہ کراچی میں دو امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں،این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں ٹیسٹ ہوگا
