اسلام آباد: کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے، کسی بھی جواز پر، پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو فیصلہ کُن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں فورم کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، کانفرنس کے شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
افغانستان میں دفاعی کارروائیاں پاکستان کا حق ہے، کور کمانڈر کانفرنس
شرکاء کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں، ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشت گردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی مخبوط الحواس قیادت ہے۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لازم ہے کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے۔
فورم نے کہا کہ یہ بھی ضروری ہے کہ عوام کے ساتھ دہشت گردی کی وجوہات اور معاملات پر موثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیر سایہ چلنے والے کرائم ٹیررگٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے جس کے لیے پولیس کی استعدادِ کار کو بھی بڑھانا ہوگا۔
فورم نے اتفاق کیا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے، کسی بھی جواز پر، پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کُن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔
فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اس کو دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کی سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اظہار برہمی کیا۔ شرکاء کانفرنس نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
شرکائے کانفرنس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے، فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں، قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
