بیرون ملک لاپتہ پاکستانیوں کا سراغ لگانے کے کیس میں وفاق کو نوٹس

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیرون ملک لاپتہ 50 پاکستانیوں کا سراغ لگانے کے کیس میں وفاق کو نوٹس جاری کردیا۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت دو نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پھالیہ کے 50 سے زائد لاپتہ نوجوانوں کا سراغ لگاکر وطن واپس لانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے افضال حسین کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔

درخواست گزار کے وکیل شفقت عباس تارڑ نے مؤقف اپنایا کہ منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ کے 50 سے زائد نوجوان غیرروایتی ذرائع سے بیرون ملک گئے۔ 3 سال گزرنے کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

وکیل نے وزارت خارجہ کو مختلف ممالک میں انکوائری، پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو نوجوانوں کا کھوج لگانے اور دستیاب امیگریشن و سفری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا حکم دینے کی استدعا کی۔

درخواست میں ممکنہ جرم سامنے آنے پر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی اور لاپتہ شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے اقدامات کی بھی استدعا کی گئی۔ عدالت نے سماعت دو نومبر تک ملتوی کردی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے