پولیس حکام نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کوٹلی میں ہونے والے اجلاس میں شرپسند عناصر کو اسلحہ، ٹرانسپورٹ اور مقامی سہولت کار فراہم کرنے کے انتظامات کیے گئے۔ حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے 8 ملزمان سے پستول اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق ان عناصر نے کالا ڈب کے مقام پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہوا اور راولپنڈی کے اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ کارروائی کے دوران چوکی افسر نعیم بھی زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سڑک کھلوائی اور صورتحال پر قابو پالیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران مزید معلومات سامنے آئی ہیں، جن کی بنیاد پر آئندہ کارروائیاں کی جائیں گی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کے اگلے منصوبے کا ہدف کوٹلی شہر تھا، تاہم اس حوالے سے بعض حساس معلومات تفتیش مکمل ہونے تک منظر عام پر نہیں لائی جاسکتیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر احتجاج کی آڑ میں عوام کی معمول کی زندگی متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام نے واضح کیا کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
