شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد چین روانہ ہوگا، سندھ میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں جی ٹو جی معاہدے کیے جائیں گے، بی ٹو بی معاہدوں کو بھی فروغ دیں گے، کوشش ہے چین کے اشتراک سے نئے منصوبے لے کر آئیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں بیرون ملک سے سرمایہ کاری پاکستان میں آئے، بیرونی سرمایہ کاری سے انڈسٹریلائزیشن کو فروغ اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان چین دوستی دنیا بھر میں مشہور ہے، تھرپارکر کا کوئلہ پاکستان میں گیم چینجر کے طور پر جانا جاتا ہے، تھرپارکر کے کوئلے سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 1100 نئے سکول بننے جا رہے ہیں، سندھ حکومت کا فوکس ہمیشہ ڈویلپمنٹ پر رہا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کا نتیجہ نکلنے والا تھا، سہیل آفریدی نے مذاکرات کو سبوتاژ کیا، پی ٹی آئی جان بوجھ کر پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزام لگا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پیپلزپارٹی پر بے بنیاد الزامات لگائے، ان کے الزامات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہم مقابلہ یا موازنہ نہیں کر رہے۔
